راولپنڈی: خاتون اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ ان کے شوہر احسن طاہر کے خلاف درج کرلیا گیا۔
تھانہ صدر بیرونی پولیس نے مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 8 نومبر کو گلشن آباد سیکٹر ٹو میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر احسن طاہر نے اپنی اہلیہ پر فائرنگ کی۔
مدعی کے مطابق فائرنگ کی آواز سن کر اہل خانہ کمرے میں پہنچے تو ربیعہ احسن خون میں لت پت فرش پر پڑی تھیں جبکہ ملزم کے ہاتھ میں پستول تھا۔
پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے 30 بور کا پستول اور گولیاں قبضے میں لے لیں۔ مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ 13(2)(a) شامل کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم احسن طاہر کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بینظیر بھٹو اسپتال منتقل کی گئی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔











