پاکستان میں 15 سالہ لڑکے کی نویں جماعت کی طالبہ سے محبت کی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں کم عمر دولہے نے بتایا کہ وہ شادی کے لیے اس قدر پرجوش تھا کہ رات کو بار بار اٹھ کر اپنی شیروانی دیکھتا تھا۔ اس کے مطابق اہلیہ سے پہلی ملاقات ایک شادی کی تقریب میں ہوئی تھی جہاں لڑکی نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی تھیں۔ بعد ازاں اس نے شادی کی پیشکش کی اور والدین نے رشتہ طے کردیا۔
لڑکے نے بتایا کہ اس کے والد نے لڑکی کے بولنے اور سننے سے محروم ہونے کے بارے میں بتایا تھا۔ شادی سے قبل دونوں نے اشاروں کی زبان میں بات چیت کی اور وقت کے ساتھ اس نے بھی اشاروں کی زبان سیکھ لی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے کم عمری میں شادی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات کی تشہیر سے بچوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ بعض صارفین نے کم عمر لڑکے کی مالی اور گھریلو ذمہ داریاں اٹھانے کی صلاحیت پر بھی سوالات اٹھائے جبکہ دیگر نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 16 سالہ اسد اور نمرہ کی محبت کی شادی بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔











