اسلام آباد: دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی سالانہ فہرست ’دی مسلم 500‘ کے 2027 ایڈیشن میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن دی گئی ہے۔
اس فہرست میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو بھی مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر شامل کیا گیا ہے۔
اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور تزویراتی تعاون کو اس فیصلے کی اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔
اشاعت کے مطابق پاکستان کی سیاسی قیادت میں وزیراعظم شہباز شریف جبکہ عسکری قیادت میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو نمایاں کیا گیا ہے۔
فہرست میں مفتی محمد تقی عثمانی ساتویں نمبر پر ہیں جبکہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای چوتھے، اردن کے شاہ عبداللہ دوم پانچویں اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی چھٹے نمبر پر ہیں۔
پاکستان سے مولانا طارق جمیل، مولانا نذرالرحمٰن اور مولانا محمد الیاس عطار قادری سمیت دیگر شخصیات بھی فہرست میں شامل ہیں۔
ادارے کے مطابق شخصیات کے اثر و رسوخ کا تعین سیاسی، مذہبی، معاشی، سماجی، علمی اور ثقافتی شعبوں میں ان کی خدمات اور اثرات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔











