اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں کال سینٹرز پر چھاپوں کے دوران شہریوں کے نجی ڈیٹا سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے فحش تصاویر اور ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شعیب خان کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران دو کال سینٹرز پر کارروائی کرتے ہوئے 143 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی فراڈ میں ملوث تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان پہلے شہریوں سے معلومات حاصل کرکے ان کے موبائل فون کی گیلری تک رسائی حاصل کرتے اور پھر انہیں قرض کی رقم دیتے تھے۔ بعد ازاں ان کا نجی ڈیٹا استعمال کرکے اے آئی کے ذریعے جعلی فحش تصاویر اور ویڈیوز تیار کی جاتیں اور انہیں بلیک میل کیا جاتا تھا۔
شعیب خان کے مطابق خواتین کو بلیک میل کرنے والے 37 ملزمان بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی ملازمت اور کام کی نوعیت سے متعلق معلومات ضرور حاصل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے آن لائن جوئے اور گیمنگ ایپس کے خلاف بھی بڑا کریک ڈاؤن کرنے جا رہی ہے۔











