پاکستان میں 3 کروڑ 24 لاکھ افراد ذہنی امراض کا شکار

اسلام آباد: وزارت قومی صحت نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں 3 کروڑ 24 لاکھ افراد ذہنی امراض جبکہ ایک کروڑ 29 لاکھ شہری ہیپاٹائٹس بی اور سی میں مبتلا ہیں۔

وزارت قومی صحت نے ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی ایڈز اور ذہنی امراض سے متعلق اعدادوشمار قومی اسمبلی میں پیش کردیے۔ رپورٹ کے مطابق 2019 میں ذہنی امراض کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ تھی جو 2023 میں بڑھ کر 3 کروڑ 24 لاکھ ہوگئی۔ اسلام آباد میں بھی 3 لاکھ سے زائد افراد ذہنی امراض کا شکار ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں صرف 1050 ماہر نفسیات رجسٹرڈ ہیں جبکہ 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد شہریوں کے لیے ایک ماہر نفسیات دستیاب ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 90 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس سی جبکہ 38 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہیپاٹائٹس بی میں مبتلا ہیں۔ ملک میں ہر سال ہیپاٹائٹس کے باعث تقریباً 48 ہزار اموات ہوتی ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 92 ہزار 148 مریض رجسٹرڈ ہیں۔

دستاویز کے مطابق جنوری 2025 سے جون 2026 کے دوران ایچ آئی وی سے متاثرہ 3900 بچوں کو رجسٹرڈ کیا گیا۔ ان میں سندھ کے 1915 اور پنجاب کے 1765 بچے شامل ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں 139 اور بلوچستان میں 46 بچے متاثر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں