اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے منتخب اراکین قومی اسمبلی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں عمران خان کی صحت و سلامتی، گرفتار رہنماؤں و کارکنوں، صوبے میں امن و امان اور گورنر راج سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت متعدد اراکین قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ شرکاء نے عمران خان کو جیل مینوئل اور عدالتی فیصلوں کے مطابق سہولیات فراہم کرنے، ذاتی معالج تک رسائی دینے اور اہل خانہ، وکلا اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں پر پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں علیمہ خان کی تین ایم پی او کے تحت گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی کو بھی رہا کرنے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کے مقدمات میرٹ پر چلانے اور سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، صوبائی صدر جنید اکبر خان اور دیگر رہنماؤں و منتخب نمائندوں کی گرفتاریوں اور انہیں منظر عام پر نہ لانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ گرفتار افراد کی گرفتاری کی وجوہات اور مقام سے اہل خانہ کو آگاہ کیا جائے اور انہیں عدالتوں میں پیش کرکے دفاع کا قانونی حق دیا جائے۔
پی ٹی آئی ارکان نے 11 اکتوبر کو گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور تین ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کی بھی مذمت کی۔ اجلاس میں دہشت گردی کو جواز بنا کر صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عمل درآمد اور صوبے کے آئینی و مالی حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا۔
شرکاء نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی سے صوبے کے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوئے ہیں۔ اجلاس میں آئین و قانون کی بالادستی، سیاسی آزادیوں کے تحفظ، عوامی مینڈیٹ کے احترام اور گرفتار سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کی فوری رہائی کے مطالبات کا اعادہ کیا گیا۔











