اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی سلطنتیں ختم ہونی چاہئیں لیکن ایسا نہ ہو کہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کردی جائیں اور ان پر شہنشاہ ایک ہی رہے۔ ایسا ملک نہ چل سکے گا اور نہ ترقی کرے گا۔
ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ نظام حکمرانی کو محض چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنے کی سوچ ناقابل فہم ہے۔ چھوٹے صوبے بنانا مثبت اقدام ہے لیکن بنیادی اصلاحات کے بغیر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے شفاف نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کیے جائیں۔ سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور پیسے والوں کی حکمرانی ختم کرکے تعلیم یافتہ مڈل کلاس کے لیے سیاست میں آنے کا راستہ بنایا جائے جبکہ سول سروس اور عدالتی اصلاحات بھی کی جائیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں شدید سیاسی تناؤ، دہشت گردی، غربت، مفلوج نظام عدل، متنازع پارلیمنٹ اور غیر سیاسی مداخلت کے ماحول میں چھوٹے صوبے بنا بھی دیے جائیں تو نظام ناپائیدار ہوگا اور نئی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بھوک، غربت، ناانصافی، دہشت گردی، بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی عوامل کا خاتمہ ہے۔ ملک کو آگے لے جانے کے لیے پہلے ان مسائل سے قوم کو نجات دلانا ضروری ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جلد بازی سے چھوٹے صوبے بنانے کے مثبت اقدام کو متنازع نہ بنایا جائے اور اس حوالے سے مناسب وقت اور طریقہ کار اختیار کیا جائے۔











