وزیراعظم کی ہدایات پر مولانا فضل الرحمٰن اور اسعد محمود سے سکیورٹی واپس

ڈیرہ اسماعیل خان:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ایف سی اور پولیس کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر گزشتہ رات مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی کا پلاٹون واپس بلا لیا گیا جبکہ ان کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی بھی ختم کردی گئی۔

اسی طرح مولانا اسعد محمود سے بھی ایف سی اور پولیس کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔ اہلکاروں کو 15 منٹ کے اندر ڈیوٹیاں چھوڑ کر واپس جانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

سیکیورٹی برانچ کے مطابق گزشتہ رات ہی پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی ختم کردی گئی تھی جبکہ آج صبح ڈسٹرکٹ پولیس نے بھی تعینات اہلکار واپس بلا لیے۔

دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے ترجمان نے کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائدین اور کارکنوں کے خلاف ریاستی کارروائیوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔

جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کی ناکہ بندی شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا اور کارکن ہوشیار رہیں کیونکہ قائدین کے تحفظ کے لیے کسی بھی وقت کال دی جاسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں