صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوامی رائے لی جانی چاہیے، ریفرنڈم کرانے میں کوئی حرج نہیں، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوامی رائے لی جانی چاہیے اور اگر عوام صوبوں کے قیام کے حق میں ہوں تو نئے صوبے بنا دینے چاہئیں۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام نئے صوبوں کے قیام کے مخالف ہوں تو ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ فیصلے عوامی رائے کے مطابق کیے جائیں اور اس رائے کو سامنے لانے کا راستہ ہموار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کرانے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ آئین میں اس حوالے سے شق واضح ہے اور قومی اہمیت یا عوامی دلچسپی کے کسی بھی معاملے پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن میں سماعت سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ گوجرانوالہ ان کا آبائی شہر ہے اور وہ ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری کی دعوت پر وہاں گئے تھے۔ دعوت الیکشن شیڈول سے پہلے موصول ہوئی تھی اور تقریب میں کوئی انتخابی امیدوار موجود نہیں تھا۔

عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی ملاقات میں بھی معاملات پر تبادلہ خیال اور افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھنے کے امور زیر غور آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں