کراچی میں مختلف جماعتوں کا احتجاجی ریلیوں کا اعلان

کراچی: شہر میں مختلف سیاسی اور قوم پرست جماعتوں نے آج احتجاجی ریلیوں اور جلسوں کا اعلان کردیا ہے جبکہ جمعیت علمائے اسلام نے بھی قائدین کی کردار کشی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کراچی بھر سے احتجاجی ریلیاں نکالے گی تاہم قوم پرست تنظیموں کے احتجاج کے باعث جے یو آئی نے اپنے احتجاج کا وقت اور مقام تبدیل کردیا ہے۔ جماعت کا مظاہرہ پریس کلب کے بجائے گرومندر پر دوپہر 2 بجے ہوگا۔

قوم پرست تنظیموں کی رہبر کمیٹی ایمپریس مارکیٹ سے پریس کلب تک ریلی نکالے گی جبکہ وحدت سندھ ریلی سچل گوٹھ گلستان جوہر سے شروع ہوگی۔

عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے شاہراہ نور جہاں پر ضلع وسطی میں جلسہ منعقد کیا جائے گا جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کورنگی میں جنرل ورکرز اجلاس کرے گی جس سے مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

پولیس حکام کے مطابق شہر میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ ریڈ زون میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی جبکہ پریس کلب اور اطراف میں بھی سیکیورٹی سخت ہوگی۔

پولیس نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ سطح پر اہلکاروں کو ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں