راولپنڈی: پنجاب حکومت نے اسلام آباد کی نئی ماڈل جیل کے انتظامی اور سیکیورٹی امور کے لیے محکمہ جیل خانہ جات کے 58 افسران و اہلکاروں کی خدمات وفاقی وزارت داخلہ کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی۔
ان افسران و اہلکاروں کو ایک سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر وفاق میں تعینات کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس حوالے سے منظوری دی جس کے بعد صوبائی حکومت نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کے مطابق وفاقی حکام نے اسلام آباد کی نئی جیل کے لیے پنجاب سے 90 سے زائد افسران و اہلکاروں کی خدمات طلب کی تھیں تاہم صوبے کی جیلوں میں عملے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 58 افراد کا انتخاب کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہوم سیکرٹری پنجاب کی تشکیل کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی نے ان افسران و اہلکاروں کو ڈیپوٹیشن پر بھیجنے کی سفارش کی تھی۔ اسلام آباد بھیجے جانے والے عملے میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل، چیف وارڈر، ہیڈ وارڈر اور وارڈر شامل ہیں۔
اسلام آباد کی وفاقی جیل کے سپرنٹنڈنٹ پہلے ہی تعینات کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 58 افسران و اہلکاروں کی تعیناتی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
میاں سالک جلال کے مطابق ڈی آئی جی راولپنڈی ریجن رانا رؤف اسلام آباد جیل کے انتظامی امور سے متعلق بریفنگ بھی دے چکے ہیں۔ پنجاب سے عملے کی فراہمی کو اسلام آباد کی نئی ماڈل جیل کے افتتاح اور انتظامی تیاریوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔











