لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے مولانا فضل الرحمٰن کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس علی ضیا باجوہ نے مقامی وکیل ابرار حسین کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر مولانا فضل الرحمٰن کو نظر بند کیا گیا ہے تو معاملہ گھمبیر نوعیت کا ہے اور نظر بندی کی وجوہات دینا ہوں گی۔
عدالت نے کہا کہ جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا ہے اسے اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی زندگی اور آزادی کو خطرہ ہے اور عدالت ان کی بازیابی کا حکم دے۔
درخواست میں آئی جی پنجاب اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے مزید کارروائی کل تک ملتوی کردی۔











