اسلام آباد:پاکستان کی خلائی تاریخ میں نیا باب رقم ہو گیا ہے اور پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چینی خلائی مشن شینزو 24 پر خلا کے سفر کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ 2 چینی خلا باز بھی موجود ہیں۔ تینوں خلا باز تقریباً 4 سے 5 گھنٹے کے سفر کے بعد چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچیں گے جہاں وہ ایک ہفتے تک قیام کرکے مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔
شینزو 24 مشن لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے چین کے جیوچوان خلائی مرکز سے روانہ ہوا۔ خلائی جہاز اپنے طے شدہ مراحل کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے جبکہ تینوں خلا باز جہاز میں محفوظ ہیں اور مشن کے اگلے مراحل پر عمل جاری ہے۔
خلائی اسٹیشن پر موجود خلا باز بھی شینزو 24 کی روانگی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ مشن تقریباً 4 سے 5 گھنٹے میں تیان گونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوگا۔
مشن کی روانگی سے قبل چین کے جیوچوان خلائی مرکز میں خصوصی تیاریاں مکمل کی گئی تھیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی تاریخی مشن کی روانگی سے قبل منعقدہ تقریب میں شریک ہوئے۔
محمد ذیشان علی اس مشن کے ذریعے خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں جبکہ وہ چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیرملکی خلا باز بھی ہوں گے۔
خلائی سفر پر روانگی سے قبل اپنے پیغام میں محمد ذیشان علی نے کہا کہ پاک چین دوستی اب کہکشاؤں تک پہنچ چکی ہے اور یہ مشن پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مشترکہ خلائی مشن بھی شروع ہوں گے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے انہیں کہا تھا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے۔ ان الفاظ نے ان کے حوصلے اور قومی ذمہ داری کے احساس کو مزید بڑھایا۔
یہ تاریخی خلائی سفر پاکستان اور چین کے سائنسی تعاون اور خلائی تحقیق کے شعبے میں مشترکہ کوششوں کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔











