اسلام آباد: وفاقی حکومت کی قومی جائزہ رپورٹ میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو کرپشن کے خطرات کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیا گیا ہے جبکہ ایف بی آر اور سی ڈی اے بھی نمایاں اداروں میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے 61.1 اسکور حاصل کیا۔ ایف بی آر 54.4 اسکور کے ساتھ دوسرے جبکہ سی ڈی اے 49.5 اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
دیگر اداروں میں پاسکو 47.1، این ایچ اے 43.4، پاکستان ریلوے 41.1، بی آئی ایس پی 40.1، پاکستان پوسٹ 39.9، ایس این جی پی ایل اور ای ٹی پی بی 39.3 اسکور کے ساتھ شامل ہیں۔
رپورٹ میں 56 ادارہ جاتی، 10 گورننس اور 18 ریگولیٹری اقسام کے کرپشن خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تاہم کسی ادارے کو انتہائی بلند خطرے کے درجے میں شامل نہیں کیا گیا۔











