لاہور: پنجاب پولیس کی بھاری نفری نے لاہور میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر تعینات ہوکر انہیں باہر آنے سے روک دیا۔
جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے اور آج ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا تھا تاہم پولیس نے ان کی قیام گاہ کے باہر اہلکار تعینات کرکے نقل و حرکت محدود کردی۔
پارٹی کے مطابق پولیس نے سوسائٹی میں بھاری نفری تعینات کرنے کے ساتھ مرکزی گیٹ پر کنٹینر بھی رکھ دیا ہے جبکہ سوسائٹی کے رہائشیوں کو بھی آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پولیس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملک کی بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اور انہیں رہائش گاہ سے باہر آنے سے روکنا بنیادی شہری آزادیوں اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود کسی رہنما کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں ہے اور پولیس فوری طور پر رکاوٹیں ختم کرکے مولانا فضل الرحمان کو نقل و حرکت کی اجازت دے۔
جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیر احمد احرار نے بھی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف رات گئے پارٹی ذمہ داران کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں اور دوسری طرف حکومت پنجاب کا یہ اقدام بزدلانہ اور احمقانہ ہے۔
انہوں نے حکومت کو ہوش کے ناخن لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ان کی جماعت کی ریڈ لائن ہیں۔











