لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سرگودھا میں کانفرنس کے انعقاد پر قائم رہتے ہوئے ملک بھر میں احتجاج اور شٹر ڈاؤن کی کال دے دی۔
اپنے ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمٰن نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر سے قافلے سرگودھا پہنچ رہے ہیں لیکن لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینرز کھڑے کرکے نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے اور سرگودھا جانے والے مختلف راستے اور موٹرویز بند ہیں۔
انہوں نے سرگودھا اور خوشاب سمیت مختلف علاقوں میں کارکنوں کی گرفتاریوں اور مرکزی ناظم عمومی جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری سمیت صوبائی قیادت کی نظربندی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جلسہ گاہ پر بھی پولیس نے قبضہ کر رکھا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے سرگودھا کے بیمار امیر کے وکیل بیٹے کی گرفتاری اور مبینہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں کانفرنس میں پہنچنے سے روکا گیا تو ملک بھر کے عوام اور کارکن سڑکوں پر نکلیں گے اور شاہراہیں اور موٹرویز بند کریں گے۔
انہوں نے حکومتی اقدامات کو آمرانہ ہتھکنڈے قرار دیتے ہوئے ملک گیر احتجاج اور شٹر ڈاؤن کا اعلان کیا۔











