دل کے مریضوں کے لیے طویل نیند خطرے کی علامت ہوسکتی ہے، تحقیق

اسلام آباد۔ایک نئی 15 سالہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دل کے امراض میں مبتلا افراد کا روزانہ 9 یا اس سے زیادہ گھنٹے سونا موت کے خطرے میں اضافے سے منسلک ہوسکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق روزانہ 9 گھنٹے یا اس سے زائد نیند لینے والے دل کے مریضوں میں تمام وجوہات سے موت کا خطرہ 7 سے 8 گھنٹے سونے والوں کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ دیکھا گیا۔

چین اور جورجیا سدرن یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ زیادہ نیند لازمی طور پر کسی بیماری کی وجہ نہیں بلکہ جسم میں موجود کسی بنیادی طبی مسئلے کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔

محققین کے مطابق ڈپریشن, نیند کے دوران سانس لینے میں دشواری, جسم میں سوزش, کمزوری, متعدد دائمی بیماریوں اور ادویات کے اثرات طویل نیند سے منسلک ہوسکتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ دل کے مریضوں میں یہ علامات صحت کی بگڑتی صورتحال کی نشاندہی کرسکتی ہیں اور انہیں معمول کے طبی معائنے میں نظرانداز کیے جانے کا خدشہ بھی ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق مریضوں سے نیند کے دورانیے کے بارے میں سوال کرنا خطرے سے دوچار افراد کی شناخت اور مزید طبی معائنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

تحقیق میں نیند کے دورانیے کو جانچنے کے طریقے کو آسان, غیر تکلیف دہ اور کم خرچ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسے اسپتالوں اور عام طبی مراکز میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں