سعودی بندرگاہ جازان پر حوثیوں کا پروجیکٹائل اور ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا

اسلام آباد: سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان کی بندرگاہ پر حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا پروجیکٹائل گرنے سے معمولی نقصان ہوا تاہم کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

سعودی اتحادی فورسز کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والے پروجیکٹائل کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اتحادی فورسز نے بدھ کو جدہ اسلامی بندرگاہ کے قریب حوثیوں کا ڈرون بھی روک کر تباہ کردیا۔ ڈرون کا ملبہ گرنے سے کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی جبکہ سعودی عرب کے مغربی علاقے کی جانب داغا گیا ایک میزائل بھی تباہ کردیا گیا۔

دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس نے ریاض صوبے میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تاہم بعدازاں خطرہ ٹلنے کا اعلان کردیا۔

یہ حملے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور پر حوثیوں کے حملے کے ایک روز بعد ہوئے تھے جس میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں 2 سعودی شہری اور 9 غیر ملکی باشندے شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں