ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اتنا کریں جتنا کل برداشت کر سکیں، ترجمان جے یو آئی

اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم کی بھی حد ہوتی ہے, اتنا کریں جتنا کل برداشت کر سکیں۔

اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان لاہور میں نظر بند ہیں جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کا پولیس کی جانب سے گھیراؤ کیا گیا ہے اور گھر میں موجود خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اہل خانہ کو آدھے گھنٹے میں گھر خالی کرنے پر مجبور کرنا ظلم کی انتہا ہے اور یہ حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ جماعت نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج مؤخر کیا لیکن حکومت نے تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہم امن چاہتے ہیں تو حکومت تصادم پر کیوں تُلی ہوئی ہے اور حکمران کس کے اشارے پر حالات خراب کر رہے ہیں؟

اسلم غوری نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر رہائش گاہ کا گھیراؤ ختم کرے اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرے. بصورت دیگر تمام تر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں