شہباز شریف کو امریکی صدر کا خط، نو منتخب حکومت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

اسلام آباد: امریکی صدر جوبائیڈن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا جس میں انہوں ںے کہا ہے کہ دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

ذرائع کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا ان کے لیے یہ پہلا خط ہے۔ خط میں امریکی صدر نے نومنتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار ہے اور کہا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے، امریکا پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لئے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022ء کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے، پاکستان کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، دونوں اقوام کے درمیان استوار مضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں