بچوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کے لیے نئے حفاظتی فیچرز متعارف

اسلام آباد:واٹس ایپ نے کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے والدین کو مزید کنٹرول دینے والے نئے ٹولز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

نئے فیچرز کے ذریعے والدین کو معلوم ہوسکے گا کہ ان کے بچے کسی واٹس ایپ گروپ میں شامل ہوئے ہیں یا کسی گروپ سے نکلے ہیں۔ والدین بچوں کے اکاؤنٹس سے متعلق بعض سیٹنگز اور پرائیویسی ترجیحات کو بھی کنٹرول کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق والدین بچوں کی نجی چیٹس یا کالز نہیں دیکھ سکیں گے اور پیغامات اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ رہیں گے۔

والدین بچوں کے لیے واٹس ایپ چینلز اور میٹا اے آئی کی دستیابی سے متعلق سیٹنگز بھی اپنی ترجیحات کے مطابق تبدیل کرسکیں گے۔ پن کوڈ کے ذریعے بچوں کو مقرر کردہ سیٹنگز تبدیل کرنے سے روکنے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔

واٹس ایپ کے مطابق نئے پیرنٹل ٹولز آئندہ چند ہفتوں میں دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں