پاکستان کے خلاف بھی بال ٹیمپرنگ کی کوشش کا انکشاف

لاہور: آسٹریلوی کرکٹ کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق کیپ ٹاؤن واقعے کے 6 ماہ بعد پاکستان کے خلاف بھی گیند سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی تھی۔

آسٹریلوی اسپورٹس براڈکاسٹر جیرارڈ واٹلی کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2018 میں دبئی ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر ٹافیوں یا منٹس کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے پر گفتگو کی تھی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق کپتان ٹم پین اور کوچ جسٹن لینگر نے مداخلت کرکے اس کوشش کو روک دیا۔ لینگر نے میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کی سرزنش بھی کی۔

رپورٹ کے مطابق کیپ ٹاؤن اسکینڈل کے بعد آسٹریلوی ڈریسنگ روم میں اختلافات پیدا ہوگئے تھے اور مچل مارش نے ڈیوڈ وارنر سے واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف بال ٹیمپرنگ پر کیمرون بینکرافٹ، ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ عثمان خواجہ کی سوانح حیات میں کیے گئے انکشافات نے بھی اس تنازع کو دوبارہ موضوع بحث بنا دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں