اسلام آباد : پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان ممالک کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی سفارتی دورے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم رواں ہفتے کے آخر یا آئندہ ہفتے کے آغاز میں اپنے سفارتی مشن کا آغاز کریں گے، جس کے دوران وہ مشرق وسطیٰ اور خطے کے دیگر اہم ممالک کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دوروں میں سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، آذربائیجان اور ایران شامل ہیں۔ ان دوروں کے دوران وزیراعظم ان ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کریں گے جنہوں نے پاک بھارت تناؤ کے دوران پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی اور سفارتی یا انسانی تعاون فراہم کیا۔
وزیراعظم اپنے دوروں کے دوران دوست ممالک کی قیادت کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی سے متعلق پاکستان کا مؤقف تفصیل سے پیش کریں گے اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے یکطرفہ اقدامات کے ممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ سفارتی دورے ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب بھارت کی جانب سے بڑھتے ہوئے جنگی بیانات اور خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوششوں پر عالمی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔