خیبرپختونخوا میں پولیو کے2 نئے کیسز، ملک بھر میں کیسز کی تعداد 10 ہوگئی

اسلام آباد – 21 مئی 2025: نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور بنوں سے پولیو کے 2نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔

بنوں کی یونین کونسل سینتنگا میں اکتوبر 2023 کے بعد کوئی پولیو مہم نہیں چلائی جا سکی جبکہ لکی مروت کی یونین کونسل بکھمل احمدزئی میں فروری اور اپریل 2025 میں ہونے والی مہمات کے دوران ویکسین کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیموں کو کچھ علاقوں میں سیکیورٹی رسائی اور دیگر انتظامی مسائل کا سامنا رہا جس کے باعث مہمات متاثر ہوئیں۔ان مسائل کے حل اور مستقبل کی مہمات کو بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی پر کام تیز کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق 26 مئی سے ملک بھر میں تیسری قومی پولیو مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس میں تقریباً 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں