واشنگٹن — امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے قیام میں امریکا کی شمولیت اور تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت دونوں ممالک کے دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے ایک نیا دروازہ کھول سکتی ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ اگرچہ ماضی میں کئی بار ایسے تنازعات حل کرنے کی کوششیں ناکام رہی ہیں، تاہم اس بار صورتحال مختلف اور امید افزا نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے کہ وہ پائیدار امن کی جانب پیش قدمی کریں۔
ٹیمی بروس نے اس بات کو سراہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں موجودہ جنگ بندی کو برقرار رکھنے میں سنجیدہ اور پرعزم دکھائی دیتے ہیں، جو ایک مثبت علامت ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی یہ اعتراف کر چکے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے میں امریکا نے مؤثر کردار ادا کیا ہے۔