شریف خاندان کیخلاف شہزاد اکبر کی درخواست خارج

لاہور۔وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ایک اہم عدالتی پیش رفت ہوئی ہے، جہاں لاہور ہائیکورٹ نے شہزاد اکبر کی جانب سے دائر اپیل کو عدم پیروی کی بنیاد پر مسترد کر دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، عالیہ نیلم، نے کیس کی سماعت کے دوران اس وقت اپیل کو خارج کرنے کا حکم دیا جب درخواست گزار کے وکیل، ہاورن الیاس، عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

یہ درخواست مرزا شہزاد اکبر کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں شریف خاندان کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی بریت کو چیلنج کیا گیا تھا۔ تاہم، وکیل کی مسلسل غیر حاضری اور مقدمے کی پیروی نہ ہونے کے باعث عدالت نے کیس کو نمٹا دیا۔

واضح رہے کہ یہ مقدمہ 2020 میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں ایف آئی اے کی طرف سے شریف خاندان پر منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت دائر کیا گیا تھا۔ بعدازاں، متعلقہ ٹرائل عدالت نے ناکافی شواہد اور قانونی نکات کی بنیاد پر شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو بری کر دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں