وزیراعظم کی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ترک صدر سے ملاقات، پاکستان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا

استنبول: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کے سرکاری دورے پر استنبول پہنچے، جہاں انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔

وزیرِاعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ کے شہر استنبول پہنچے۔ ان کا استقبال ترک وزیرِ دفاع اور دیگر اہم حکومتی عہدیداروں نے کیا۔

استنبول پہنچنے کے بعد، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ، وزیرِاعظم صدارتی محل “دولمابہچے” گئے، جہاں ترک صدر اردوان نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر ملاقات بھی منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔ وفد میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی شامل تھے۔

دونوں قائدین کی ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے تاریخی، برادرانہ اور مستحکم تعلقات پر اعتماد کا اظہار کیا گیا، جو مشترکہ اقدار، باہمی عزت و احترام، اور ترقی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں بھارتی جارحیت کے تناظر میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر ترک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ترکی کے اصولی مؤقف اور ترک قوم کی خیرسگالی کو پاکستان کے لیے حوصلہ افزا اور تقویت بخش قرار دیا۔

ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے وطن کے دفاع میں “معرکۂ حق” اور “آپریشن بنیان مرصوص” کے تحت پاک فوج کی جرات، قربانی اور عوام کے جذبۂ حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری میں وسعت کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید یہ کہ، دونوں رہنماؤں نے توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی صنعت، زراعت اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کے ہمہ جہت جائزے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹجک شراکت کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ترک صدر اور وزیرِاعظم نے اسلام آباد میں 13 فروری 2025 کو منعقدہ ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے ساتویں اجلاس میں طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا۔ دونوں ملکوں نے سالانہ 5 ارب ڈالر کی باہمی تجارت کے ہدف کے حصول کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں