پی ایس ایل10، لاہور قلندرز تیسری بار چیمپئن بن گیا

لاہور۔پی ایس ایل کے 10 ویں ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر لاہور قلندرز تیسری بار چیمپئن بن گئی۔

لاہور قلندرز نے محمد نعیم، کوشال پریرا کی جارحانہ اننگز کی بدولت 202 رنز کا مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سعود شکیل اور فن ایلن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اوپننگ جوڑی اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی، 17 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل صرف 4 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے، پھر سلمان مرزا نے 12 کے انفرادی اسکور پر فن ایلن کو پویلین کی راہ دکھائی۔58 کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تیسری وکٹ بھی گرگئی

رائیلی روسو بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے وہ 22 رنز بناکر سکندر رضا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چوتھا نقصان 125 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا، اویشکا فرنانڈو کو 29 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی۔اس دوران حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 27 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور پھر 18ویں اوور میں 172 کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر حسن نواز آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 43 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے اور نمایاں بلے باز رہے۔

نئے آنے والے بیٹسمین محمد عامر اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے 177 پر پویلین روانہ ہوئے، دونوں کو حارث رؤف نے اپنا شکار بنایا۔اس کے علاوہ دنیش چندیمل نے 13 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ فہیم اشرف نے آخری اوور میں میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا، انہوں نے سلمان مرزا کو آخری اوور میں 3 چھکے اور ایک چوکا لگاکر 23 رنز بٹورے، وہ 8 گیندوں پر 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 10 کے آخری معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حسن نواز اور فہیم اشرف کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، سلمان مرزا اور حارث رؤف نے 2،2 جبکہ سکندر رضا اور رشاد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور محمد نعیم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم فخر زمان صرف 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔البتہ محمد نعیم نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا وہ 27 گیندوں پر 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 6 چھکے اور صرف ایک چوکا شامل تھا۔لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے بھی 28 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ راجا پکسے صرف 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔کوشال پریرا 31 گیندوں پر 62 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جبکہ سکندر رضا نے 7 گیندوں پر 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

قبل ازیں قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے فائنل میں آپریشن بنیان مرصوص میں پاک بحریہ کی پاکستانی پانیوں کی حفاظت اور سمندری دفاع میں اپنی برتری ثابت کرنے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

معروف گلوکاروں نے ملی نغموں سے شائقین کا لہو گرمایا، گلوکار ابراراحمد نے اپنے مشہور گیتوں سے شائقین سے خوب داد وصول کی جب کہ گلوکار رضوان مرزا، حسین علی پراچا اور ندیم عباس لونے والا نے ملی نغمہ گاکر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں