لاچین ۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لاچین میں منعقدہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر علیوف نے کہا کہ تینوں برادر ممالک ایک جیسی تاریخ اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، اور یہ باہمی تعاون کے ساتھ مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان میں سرمایہ کاری کے متعدد منصوبوں کا جائزہ لے رہا ہے اور ابتدائی مرحلے میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
صدر علیوف نے مزید کہا کہ 2020 کی جنگ کے دوران ترکیہ اور پاکستان کی طرف سے آذربائیجان کو غیر متزلزل حمایت حاصل ہوئی، جسے وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ کے ساتھ دفاع، سیاحت اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے تینوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم قرار دیا اور کہا کہ سیاحت جیسے شعبوں میں بھی مل کر کام کرنے کی گنجائش موجود ہے۔