راولپنڈی ۔چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری) نے آذربائیجان کے شہر لاچین میں آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل حسنوف زاکر اسگر اوغلو سے اہم ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے موضوعات، خطے کی سیکیورٹی صورتِ حال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے بیان میں بتایا گیا کہ آرمی چیف نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی تعلقات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں آذربائیجان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے دفاعی روابط اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔