اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں کو 5 جون 2025 کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔
عدالت کی جانب سے جاری کی گئی کاز لسٹ کے مطابق، یہ درخواستیں قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ سنے گا۔
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے کیس کی جلد سماعت کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ دونوں افراد کی سزاؤں کی معطلی سے متعلق اپیلوں کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اس کیس میں سزا سنائی جا چکی ہے اور وہ اس فیصلے کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع کر چکے ہیں۔