راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کی آبی اجارہ داری کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔
یہ پیغام انہوں نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور نہ ہم اسے بھول سکتے ہیں اور نہ ہی چھوڑ سکتے ہیں۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے بھارت کئی دہائیوں سے دبانے کی کوشش کرتا رہا ہے لیکن وہ ہر بار ناکام ہوا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں جاری بدامنی پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہاں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر دراصل فتنہ الہندوستان ہیں، جن کا حقیقی بلوچ عوام سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بدامنی پھیلانے والی یہ سازشیں ناکام ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ قوم جب متحد ہو جائے تو وہ ایک آہنی دیوار بن جاتی ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت گرا نہیں سکتی۔ “معرکۂ حق” اس اتحاد کی بہترین مثال ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان ایک زندہ اور غیرت مند قوم ہے۔
فیلڈ مارشل کا یہ خطاب نہ صرف قومی سلامتی کے عزم کا اظہار ہے بلکہ یہ بھارت کو ایک واضح پیغام بھی ہے کہ پاکستان اپنے پانی، کشمیر اور قومی وحدت پر کوئی سودے بازی نہیں کرے گا۔