نیو یارک ۔پاک-بھارت تناؤ کے پس منظر میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بین الاقوامی سفارتی سرگرمیاں سنبھال لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، بلاول بھٹو کی سربراہی میں پارلیمانی وفد اس وقت نیویارک میں موجود ہے، جہاں وہ آج سے امریکی حکام سے ملاقاتوں کا آغاز کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی امریکی حکومتی نمائندوں، کانگریس کے ارکان، پالیسی ساز اداروں اور بین الاقوامی میڈیا کو پاک-بھارت کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف پر آگاہ کریں گے۔
پارلیمانی وفد امریکی عہدیداروں کو پاک-بھارت ممکنہ جنگ کے عوامل، بھارت کی جانب سے پھیلائی جانے والی غلط معلومات اور غیر ملکی اثر و رسوخ پر مبنی مہمات کے بارے میں تفصیل سے بریف کرے گا۔
یہ وفد نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کے ساتھ ساتھ واشنگٹن میں سابق ٹرمپ انتظامیہ کے اہم حکام سے بھی مشاورت کرے گا۔ وفد کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے باعث پیدا ہونے والے ممکنہ سیکیورٹی خطرات پر بھی امریکی حکام کو تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق، پارلیمانی کمیٹی 9 جون تک امریکہ میں قیام کرے گی۔ وفد میں سینیٹر مصدق ملک، خرم دستگیر، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور سینئر سفارتکار جلیل عباس جیلانی بھی شامل ہیں۔
یہ کمیٹی 9 جون کو امریکہ سے برطانیہ روانہ ہوگی، جس کے بعد یورپی ممالک کا دورہ بھی متوقع ہے۔ بلاول بھٹو زرداری 30 مئی کو امریکہ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔