وزیراعظم کی دیامر بھاشا ڈیم سمیت آبی منصوبوں کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کی ہدایت

اسلام آباد ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں توانائی کی فراہمی اور پانی کے مستحکم ذخائر کو یقینی بنانے کے لیے دیامر بھاشا ڈیم سمیت دیگر بڑے آبی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ترجیح دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔

یہ ہدایات ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دی گئیں، جو وزیر اعظم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں دیامر بھاشا ڈیم اور دیگر آبی ذخائر کے منصوبوں سے متعلق امور پر غور کیا گیا، جس میں متعلقہ وزارتوں کے حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی اقتصادی خود کفالت کا انحصار سستی توانائی اور زراعت کی ترقی پر ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے پانی کے ذخائر میں اضافہ اور ان کا مؤثر استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئے آبی ذخائر کی تعمیر نہ صرف زرعی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو بھی کم کرے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم کے حوالے سے ہدایت کی کہ اس منصوبے میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے تاکہ اسے جلد از جلد مکمل کیا جا سکے اور قومی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو یہ بھی کہا کہ وہ باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی تشکیل دیں تاکہ ملک کو توانائی اور پانی کے بحرانوں سے نکال کر پائیدار ترقی کی سمت گامزن کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں