جدہ: وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، بدھ کے روز وزیرِاعظم جدہ پہنچے، جہاں جدہ کے گورنر شہزادہ سعود بن عبداللہ جلاوی، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نواف بن سعید المالکی، اور پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق سمیت اعلیٰ سفارتی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
بعد ازاں، وزیرِاعظم اور ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے جدہ سے مکہ مکرمہ کی جانب روانگی اختیار کی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف اس دورے کے دوران عید الاضحیٰ بھی سعودی عرب میں منائیں گے۔ عید کے دن ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے خصوصی ملاقات متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی جائے گی۔
متوقع ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، مسلم دنیا کی بہتری، اور علاقائی امن و استحکام جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
اس موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سعودی کردار پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
یاد رہے کہ اس اہم دورے میں وزیرِاعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے، جس کا مقصد سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔