پشاور۔پشاور میں پیش آنے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر عباس خان آفریدی زخموں کی شدت کے باعث دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، عباس آفریدی گزشتہ شام حجرہ عظیم باغ میں اپنے رفقا کے ہمراہ موجود تھے جب گیس لیک ہونے کی وجہ سے دھماکہ ہوا، جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
انہیں فوری طور پر علاج کے لیے کھاریاں کے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جان کی بازی ہار گئے۔
وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے سابق وزیر سینیٹر عباس خان آفریدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات کی خبر انتہائی صدمہ خیز ہے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں سردار اویس لغاری نے مرحوم کو ایک بااصول، محنتی اور قوم کا درد رکھنے والا سیاستدان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عباس خان آفریدی نے ہمیشہ خلوصِ نیت سے عوامی فلاح اور مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی، اور ان کی سیاسی دانائی اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمت کے سائے میں جگہ دے اور لواحقین کو اس غم کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔