ایران کا اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز سے تباہ کن حملہ، حیفہ ریفائنری بند، 3 ملازمین ہلاک

تہران۔ایران نے چوتھی مرتبہ اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب اور بندرگاہی شہر حیفہ پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے، جس کے بعد اسرائیلی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، حیفہ میں واقع رمات ڈیوڈ ایئربیس کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ جوابی کارروائی میں اسرائیل نے بھی تہران پر تازہ حملہ کیا ہے۔ ایرانی حملے کے نتیجے میں حیفہ ریفائنری کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا، جب کہ اس حملے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نے تصدیق کی کہ “آپریشن وعدہ صادق سوم” کی یہ نویں لہر ہے، جو علی الصبح تک جاری رہے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ دشمن کو ایک لمحے کے لیے بھی سکون کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

ایران کی قومی سلامتی کونسل پہلے ہی انتباہ دے چکی تھی کہ آج کا دن نہایت حساس اور خطرناک ہوگا، اور اسرائیلیوں کو رات میں دن کی روشنی جیسا منظر دیکھنے کو ملے گا۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے تہران کے شہریوں اور ایران نے تل ابیب کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی اور بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

ایران نے صبح کے وقت اسرائیل پر دوسرا بڑا حملہ کرتے ہوئے درجنوں بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے، جس سے کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔ اس حملے میں آٹھ اسرائیلی ہلاک اور تین سو کے قریب زخمی ہوئے۔ تازہ حملے میں حیفہ کے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں میزائلوں کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں