واشنگٹن۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں ایک خصوصی ظہرانے کا اہتمام کریں گے۔ یہ تقریب امریکی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کیبنٹ روم میں منعقد کی جائے گی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان ایک اہم ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دو طرفہ روابط، علاقائی سلامتی کی صورتحال، اور بالخصوص ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق یہ ملاقات میڈیا کی موجودگی کے بغیر ہوگی، تاہم ظہرانے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر کی جانب سے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کی توقع کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس خصوصی ظہرانے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر دفاع ہینکر سمیت دیگر کلیدی حکام بھی شریک ہوں گے۔ علاوہ ازیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے ساتھ علیحدہ ملاقاتیں بھی طے شدہ ہیں۔
یہ ملاقات نہ صرف پاکستان اور امریکا کے باہمی تعلقات کے لحاظ سے اہمیت رکھتی ہے بلکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں بھی اس کی غیر معمولی سفارتی قدر و قیمت ہے۔ یہ دورہ ان عناصر کے لیے واضح پیغام ہے جو پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ایک فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔