پیرس ایئر شو میں پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر کی دھوم مچ گئی

اسلام آباد ۔پیرس میں جاری دنیا کے سب سے بڑے اور تاریخی ایئر شو میں پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کردہ جے ایف-17 تھنڈر طیارہ مرکزِ نگاہ بن گیا ہے۔ چینی دفاعی کمپنیوں کے لڑاکا طیارے اور جدید میزائل ٹیکنالوجی بھی اس نمائش میں نمایاں رہے۔

گزشتہ ایک صدی سے منعقد ہونے والا پیرس ایئر شو اس وقت چوتھے روز میں داخل ہو چکا ہے، اور اب تک بڑی تعداد میں تجارتی و دفاعی معاہدے ہو چکے ہیں۔ ہوا بازی کی صنعت اور دفاعی ٹیکنالوجی کا یہ عالمی میلہ اپنی وسعت اور اہمیت کے لحاظ سے دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے۔

ایئر شو میں دنیا بھر کے جدید لڑاکا طیارے، ڈرونز اور ایوی ایشن مصنوعات پیش کی جا رہی ہیں، مگر پاک-چین دوستی کا نتیجہ جے ایف-17 تھنڈر سب سے زیادہ توجہ حاصل کر رہا ہے۔ عوامی دلچسپی کے ساتھ ساتھ دفاعی ماہرین بھی اس طیارے کی صلاحیتوں سے متاثر دکھائی دیے۔

چین کے جے-35 اور جے-10 سی جیسے جدید طیارے، ساتھ ہی جدید میزائل سسٹمز بھی ایئر شو کا حصہ ہیں، جہاں چینی کمپنی کے اسٹالز پر بین الاقوامی مہمانوں اور دفاعی وفود کا رش دیکھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، روئٹرز کے مطابق حالیہ ہفتے پیش آنے والے ایئر انڈیا 787 حادثے کے بعد بوئنگ کمپنی نے اس نمائش میں کوئی نیا سودا فائنل نہیں کیا۔ ان کے نمائندگان نسبتاً خاموش دکھائی دے رہے ہیں۔

اس کے برعکس، یورپی کمپنی ایئربس اپنے کامیاب تجارتی سودوں کے باعث نمایاں ہے۔ ایئربس نے بھارت میں ہونے والے طیارہ حادثے کے متاثرین سے اظہارِ ہمدردی بھی کیا ہے، جو ان کے انسانی پہلو کو ظاہر کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں