ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کردی، کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر

تہران۔ایران نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل کے جنوبی شہر بیرشیبہ کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں علاقے میں بھاری مالی نقصان ہوا، کئی گاڑیاں نذرِ آتش ہوگئیں، اور مائیکروسافٹ آفس کے اطراف شدید آگ لگ گئی۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ حملہ جمعے کی صبح کے وقت کیا گیا۔ ایرانی میزائل ایک رہائشی علاقے میں آ گرا، جس کی وجہ سے قریبی عمارتوں، گاڑیوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ اگرچہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مالی لحاظ سے شدید نقصان ہوا ہے۔

ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے والے ادارے میگن ڈیوڈ ایڈم نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا گیا۔

حملے سے ایک دن قبل بھی ایران کا ایک میزائل بیرشیبہ میں واقع سوروکا اسپتال پر آ گرا تھا، جس کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائلوں کو روکنے میں ناکامی کی وجہ ان کے دفاعی نظام میں ممکنہ تکنیکی خرابی ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں