اسلام آباد ۔پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی پرزور مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکا کی جانب سے کیا جانے والا حملہ انتہائی افسوسناک ہے اور یہ اسرائیلی جارحیت کے تسلسل کا حصہ معلوم ہوتا ہے، جس پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بھڑکا سکتے ہیں، جس کے اثرات نہایت سنگین ہو سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں، جبکہ ایران کو اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اپنی سرزمین کے دفاع کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
دفتر خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی غیر معمولی کشیدگی اور پرتشدد واقعات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر حالات کو سنبھالا نہ گیا تو اس کے تباہ کن نتائج محض اس خطے تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ عالمی امن کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ شہری آبادی اور املاک کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانا ضروری ہے، اور تمام متعلقہ فریقین سے فوری طور پر جنگ بندی کی اپیل کی گئی ہے۔
دفتر خارجہ نے زور دیا کہ عالمی برادری، خصوصاً تمام ریاستیں، بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی ضابطوں کی مکمل پاسداری کریں۔ ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں جاری بحران کا پائیدار حل صرف اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اصولوں اور سفارتی ذرائع سے مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔