تہران۔ایران کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ ان جارحانہ اقدامات کے خلاف پوری طاقت سے جواب دے گا۔
نیم سرکاری خبر رساں ادارے “تسنیم نیوز ایجنسی” کے مطابق، وزارت خارجہ نے اپنے جاری کردہ اعلامیے میں کہا کہ امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی سنگین اور غیر معمولی خلاف ورزی کی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا: “عالمی برادری کو یاد رکھنا چاہیے کہ سفارتی عمل کے دوران سب سے بڑی بددیانتی امریکا نے کی ہے، جس نے اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں کی حمایت کرتے ہوئے ایران کے خلاف ایک خطرناک محاذ کھول دیا۔”
مزید کہا گیا کہ: “یہ بات اب عیاں ہو چکی ہے کہ امریکا کسی قانون، اخلاقی اصول یا عالمی ضابطے کا پابند نہیں رہا۔ وہ نسل کشی اور قبضے کی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہر حد پار کرنے کو تیار ہے۔”
وزارت خارجہ نے اپنے بیان کے اختتام پر زور دیتے ہوئے کہا: “اسلامی جمہوریہ ایران، اپنی قومی خودمختاری، مفادات اور سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل عزم اور قوت کے ساتھ امریکی جارحیت اور اس مجرمانہ ریاست کے مقابل ڈٹنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔”