ایران کے حمایت یافتہ گروہ امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے والے ہیں؟ نیویارک ٹائمز کا بڑا انکشاف

واشنگٹن۔امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایران کے زیر اثر مسلح گروہ عراق اور ممکنہ طور پر شام میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

رپورٹ میں ایک سینئر امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکی انٹیلیجنس اور فوجی اداروں کو ایسے شواہد ملے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور وہ امریکی مفادات کے خلاف حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق اب تک ان گروپوں نے براہ راست کسی امریکی اڈے پر حملہ نہیں کیا، تاہم عراقی حکومت کی جانب سے انہیں روکنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ علاقائی کشیدگی مزید نہ بڑھے۔

یہ صورتحال ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد پورا خطہ تناؤ کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔ ایران نے ان حملوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اس کا جواب ضرور دے گا، لیکن جوابی کارروائی کا وقت اور طریقۂ کار ایرانی مسلح افواج خود طے کریں گی۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے، سعید ایراوانی، نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “یہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، اور ایران اس جارحیت کا سخت اور مؤثر جواب دے گا۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں