جنگ بندی سے پہلے ایران کا اسرائیل پر میزائل حملہ، 4 اسرائیلی ہلاک، متعدد زخمی

تہران۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ سیز فائر کے نافذ ہونے سے کچھ لمحے پہلے، ایران نے اسرائیل پر میزائل داغے، جن کے نتیجے میں 4 اسرائیلی شہری جاں بحق جبکہ کم از کم 9 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسرائیلی ہنگامی امدادی ادارے ’میگن ڈیوڈ ایڈم‘ (MDA) نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی اسرائیل کے شہر بیرشیبا میں ایرانی میزائل گرنے سے 4 افراد موقع پر جان کی بازی ہار گئے، جب کہ 2 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ 6 افراد کو جائے وقوعہ پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک گھنٹے کے دوران 6 بار فضائی حملے کے خطرے کی وارننگ سائرن بجائے گئے، اور کئی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں کے باعث متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ کارروائی اس وقت انجام دی گئی جب صدر ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے مابین مرحلہ وار سیز فائر کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ ایران نے سیز فائر کے نفاذ سے قبل اسرائیل پر کم از کم 5 میزائل فائر کیے۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ تناؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور یہ واقعہ سیز فائر کے امکانات کو مزید مشکل بنا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں