تل ابیب ۔اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف شروع کیے گئے ’’آپریشن رائزنگ لائن‘‘ میں اسرائیل نے نہ صرف اپنے تمام مقاصد حاصل کر لیے ہیں بلکہ توقعات سے بڑھ کر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
اسرائیلی حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ شب کابینہ کے اراکین، وزیر دفاع اور موساد کے ڈائریکٹر کے ساتھ ملاقات کی، جس میں آپریشن کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری منصوبے اور بیلسٹک میزائل پروگرام سے درپیش ’’دوہری اور فوری نوعیت کے خطرات‘‘ کا خاتمہ کر دیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اسرائیلی ایئرفورس نے تہران کی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا، ایرانی فوجی قیادت کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، اور ایرانی حکومت کے کئی کلیدی مراکز کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مکمل مشاورت اور ہم آہنگی کے ساتھ، اسرائیل نے دو طرفہ جنگ بندی کی امریکی پیشکش قبول کر لی ہے، تاہم کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں اسرائیل کی جانب سے ’’سخت ردعمل‘‘ دیا جائے گا۔