اسلام آباد ۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایران کی بھرپور حمایت کے عزم کو دہرایا، جبکہ ایرانی صدر نے اس مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ٹیلیفونک بات چیت میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور جنگ بندی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے، اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سمیت تمام عالمی فورمز پر پاکستان ایران کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی مکمل پاسداری کریں۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان نے حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی مستقل، اصولی اور دوستی پر مبنی حمایت کو سراہا اور مسئلے کے پرامن حل کو فروغ دینے میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کا اعتراف کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش اس نازک وقت میں باہمی اتحاد کی اشد ضرورت ہے، اور اس ضمن میں قریبی روابط برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔