اسلام آباد ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے سپریم کورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے ملاقات پر عائد پابندی کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی سے ہر ہفتے ملاقات کی اجازت دی جائے، کیونکہ ملاقات سے روکنا آئین کے آرٹیکل 9، 10-اے اور 19 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی بجٹ کے حوالے سے مشاورت ناگزیر ہے، جس کے لیے پی ٹی آئی بانی سے ملاقات ضروری ہے۔ سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ عدالت اپنے جاری کردہ فیصلوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ ملاقات میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کا حکم دیا جائے تاکہ بلا تعطل ملاقات ممکن ہو سکے۔
واضح رہے کہ آج ہی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، سردار علی امین گنڈاپور، نے سپریم کورٹ میں پیش ہو کر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی، تاہم جسٹس منصور علی شاہ نے اس مقدمے کی سماعت سے معذرت کر لی۔