نئی دہلی ۔شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے دفاع کا ایک اہم اجلاس چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہوا۔ تاہم اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو ناراضی میں مبتلا کر دیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے اعلامیے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ان کے اعتراض کی بڑی وجہ یہ تھی کہ اعلامیے میں پہلگام کے واقعے کا کوئی حوالہ شامل نہیں کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اعلامیے میں بلوچستان میں بھارت کے مبینہ کردار کی جانب اشارہ بھی موجود تھا، جو نئی دہلی کے لیے باعث تشویش بن گیا۔
اس اجلاس میں چین، روس، پاکستان، ازبکستان، تاجکستان، قازقستان، کرغزستان سمیت دیگر رکن ممالک کے وزرائے دفاع نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وفد نے اعلامیے کے بعض نکات پر اعتراض اٹھایا، لیکن دیگر رکن ممالک نے اس میں کوئی ترمیم کرنے سے انکار کر دیا، جس پر بھارتی وزیر دفاع نے اس دستاویز پر دستخط کرنے سے گریز کرتے ہوئے اسے تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔