اسلام آباد ۔اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر برائے پاکستان، رضا امیری مقدم نے اسرائیل کے خلاف جنگ میں ایران کی فتح کے موقع پر پاکستانی حکومت اور عوام کی بھرپور حمایت پر دلی تحسین اور شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران نے دشمن کے خلاف ایک منصفانہ اور مؤثر جنگ کے بعد باوقار طریقے سے جنگ بندی نافذ کی ہے، جو ایک تاریخی اور فیصلہ کن کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو ایرانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب اسرائیل نے ایران کے خلاف جارحانہ اقدامات کیے تو پاکستان نے ایک برادر اسلامی ملک کی حیثیت سے ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی اور پختہ حمایت کا مظاہرہ کیا۔ اس مشکل وقت میں پاکستان نے جس باوقار اور اصولی مؤقف کو اپنایا، اس پر ایرانی حکومت اور عوام تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
سفیر رضا امیری مقدم نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، پارلیمنٹ کے ارکان، علما، سیاسی جماعتوں اور ذرائع ابلاغ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام طبقات نے جس جرأت، فہم و فراست اور اصولی موقف کا اظہار کیا، وہ انتہائی قابل تعریف ہے۔
انہوں نے پاکستان کی وزارت خارجہ کا بھی شکریہ ادا کیا، جس نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) سمیت دیگر عالمی اداروں میں ایران کے مؤقف کی بھرپور وکالت کی اور مسلسل حمایت کا اظہار کیا۔
اپنے پیغام کے آخر میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام تاریخی طور پر بھائی چارے، اخوت اور باہمی ہم آہنگی کی علامت رہے ہیں، اور ایران پاکستانی قوم کی اس تاریخی حمایت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے خلاف یہ عظیم کامیابی پوری مسلم امہ کے لیے ایک باوقار، حوصلہ افزا اور حق کی سربلندی کی علامت کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔