اسلام آباد ۔پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کے ایک نئے اور مثبت مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے، جس میں دونوں ملکوں نے صحت عامہ، دواسازی، اور ویکسین کی مقامی تیاری جیسے اہم موضوعات پر مشترکہ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق، اسلام آباد میں انڈونیشیا کے سفیر نے وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ اشتراک، طبی افرادی قوت کے تبادلے، اور طبی اداروں کے قیام جیسے موضوعات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے اس ملاقات کو ’’مشترکہ مقاصد کو عملی اور دیرپا صحت پالیسیوں میں ڈھالنے کی طرف ایک اہم قدم‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، انڈونیشیا کے ساتھ صحت کے میدان میں شراکت کو ایک اہم حکمت عملی کے طور پر دیکھتا ہے، اور دونوں ممالک طویل المدتی منصوبوں پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ملاقات کے دوران ویکسین سازی کو خصوصی اہمیت حاصل رہی، اور ڈاکٹر مختار بھرتھ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا کے اشتراک سے پاکستان میں ویکسین کی مقامی پیداوار کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر انڈونیشیائی سفیر نے بھی دونوں ممالک کے درمیان صحت کے میدان میں مزید تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر زور دیا، اور یقین دلایا کہ انڈونیشیا اس شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے مزید کہا کہ پاکستان، انڈونیشیا کے تجربات سے سیکھتے ہوئے صحت کے شعبے میں باہمی مفاد کے منصوبوں کو حقیقت کا روپ دینا چاہتا ہے، تاکہ دونوں ممالک اپنی عوام کے لیے بہتر صحت خدمات مہیا کر سکیں۔